فن و ثقافت شوبز

وہ فلمی ستارے جنھوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ اپنے ہاتھوں کیا

ممبئی (قدرت روزنامہ)فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت سے پہلے بھی انڈیا کے بہت سے فلمی ستاروں نے اپنی زندگی بے وقت ختم کردی تھی اور ان میں فلم ساز اور اداکار گرودت کے علاوہ کئی اور اہم نام شامل ہیں۔ بالی وڈ کے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کر لی ہے۔ ابھی تک خودکشی کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔پولیس کو اس واقعے کی اطلاع سوشانت سنگھ راجپوت کے ملازم نے دی تھی۔ ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے سوشانت سنگھ راجپوت نے حالیہ برسوں میں بڑی سکرین پر فلمی حلقوں اور شائقین میں اپنی نمایاں موجودگی ریکارڈ کروائی تھی۔ بہار کے شہر پٹنہ میں پیدا ہونے والے سوشانت کا فلمی کیریئر اچھا چل رہا تھا۔ اپنے کیریئر میں انھوں نے ایم ایس دھونی جیسی کامیاب فلمیں دیں۔ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے سوشانت تھیٹر اور ٹی وی میں ایک مقبول چہرے کے طور پر جانے جاتے تھے۔

بالی وڈ میں یہ پہلی خودکشی نہیں سوشانت سے پہلے بھی بہت سے معروف فلمی ستاروں نے اپنی زندگی وقت سے پہلے ختم کرتے ہوئے خود اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لی ہے۔ اس رپورٹ میں ہم ایسے ہی فنکاروں کی زندگی پر روشنی ڈالیں گے۔ گرو دت گرو دت کو سنہ 1950 اور 60 کی دہائی میں انڈین فلم انڈسٹری کی بڑی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔ فلمی حلقوں میں اُن کا شہرہ ایک بہترین فلم ڈائریکٹر کے علاوہ بہترین اداکار کے طور پر بھی تھا۔ اکتوبر سنہ 1964 میں وہ ممبئی کے پیڈر روڈ نامی علاقے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ کثرتِ شراب نوشی اور نیند کی گولیاں ان کی موت کی وجہ بنی تھیں۔ من موہن دیسائی من موہن دیسائی ہندی فلم کے کامیاب فلم سازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انھوں نے متعدد کمرشل ہٹ فلمیں بنائیں۔

باکس آفس پر ان کی کچھ کامیاب فلموں میں ’امر اکبر اینتھونی‘، ’قلی‘ اور ’مرد‘ وغیرہ شامل ہیں۔ ان کی اہلیہ کا انتقال سنہ 1979 میں ہوا۔ سنہ 1992 میں انھوں نے اداکارہ نندا کے ساتھ ایک نیا رشتہ قائم کیا جو ان کی موت تک قائم رہا۔ من موہن دیسائی کو مصالحہ فلموں کا بادشاہ کہا جاتا تھا لیکن بعد میں ان کی فلمیں ناکام ہونے لگيں۔ مارچ سنہ 1994 میں انھوں نے گڑ گاؤں میں واقع اپنے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ دیویہ بھارتی بالی وڈ کی مشہور اداکارہ دیویہ بھارتی کی موت انتہائی پراسرار حالات میں ہوئی تھی۔ ان کے شوہر ساجد ناڈیاڈ والا کے مطابق دیویہ نے پانچویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگائی۔

یہ واقعہ پانچ اپریل سنہ 1993 کو پیش آیا۔ اس وقت دیویہ بھارتی کی عمر صرف 19 سال تھی۔ اس وقت تک انھوں نے 14 فلموں میں کام کیا تھا۔ سلک اسمیتا سلک اسمیتا کا اصل نام وجئے لکشمی تھا۔ وہ یتیم تھیں اور آندھرا پردیش کی ایک خاتون نے انھیں گود لیا تھا۔ 16 سال کی عمر میں سلک اسمیتا اپنی والدہ کے ساتھ مدراس چلی آئیں۔ میک اپ آرٹسٹ کی حیثیت سے فلموں میں قدم رکھنے والی اسمیتانے آہستہ آہستہ فلموں میں کام کرنا شروع کر دیا۔ ابتدا میں انھیں منفی کردار ملے۔ ستمبر سنہ 1996 میں سلک چینئی کے اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئيں۔ ریم کپاڈیا ریم کپاڈیا مشہور اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کی چھوٹی بہن تھیں۔ انھوں نے کچھ ہندی فلموں میں کام کیا جن میں سے ایک فلم حویلی تھی، جس میں انھیں راکیش روشن اور مارک زبیر کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ وہ سنہ 2000 میں لندن میں مردہ پائی گئیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ انھوںنے خودکشی کی تھی لیکن ان کی موت کے حوالے سے زیادہ تفصیلات موجود نہیں ہیں۔

جیا خان جیا خان کی بالی وڈ میں انٹری بہت شاندار تھی۔ انھوں نے ابتدا میں امیتابھ بچن اور عامر خان جیسے ستاروں کے ساتھ کام کیا۔ لیکن اس کے باوجود ان کا کیریئر اتنا اچھا نہیں تھا۔ سنہ 2013 میں ان کی لاش بھی پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ اداکار آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی پر جیا کو خود کشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا گیاتھا۔ سورج پر ابھی بھی یہ کیس عدالت میں چل رہا ہے۔ نفیسہ جوزف نفیسہ جوزف ایم ٹی وی کی مشہور وی جے تھیں۔ انھوں نے ماڈلنگ بھی کی اور سنہ 1997 میں فیمینا مس انڈیا کا خطاب جیتا تھا، وہ مس یونیورس کی فائنلسٹ بھی تھیں۔ سنہ 2004 میں ورسووا میں ان کے فلیٹ میں ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی تھی۔ کلجیت رندھاوا کلجیت رندھاوا نفیسہ جوزف کی قریبی دوست تھیں۔ نفیسہ کی موت سے وہ شدید طور پر ٹوٹ گئیں۔ فروری سنہ 2006 میں سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔ انھوں نے فلم ’بائی چانس‘ کی شوٹنگ مکمل کی اور سٹار ون کے سیریل ’سپیشل سکواڈ‘ میں بھی انھوں نے مرکزی کردار ادا کیا لیکن ان کی لاش بھی پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ خودکشی سے قبل لکھی گئی اپنی آخری تحریر میں انھوں نے لکھا کہ وہ زندگی کے دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکتی ہیں۔ پرتیوشا بنرجی انڈین ٹی وی انڈسٹری کا ایک ممتاز چہرہ پرتیوشا بنرجینے بھی خودکشی کی تھی۔ سنہ 2016 میں ان کی لاش ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ایک لمبے عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔ وہ ٹی وی سیریل ’بالیکا ودھو‘ کے ساتھ شہ سرخيوں میں آئیں۔ وہ رئیلٹی شو بگ باس کا بھی حصہ تھیں۔ کوشل پنجابی 27 دسمبر سنہ 2019 کو ٹی وی اداکار کوشل پنجابی نے ممبئی کے پالی ہل میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی۔ ممبئی پولیس نے ان کی خودکشی کی تصدیق کی تھی۔ پولیس کے مطابق ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ وہ ’سی آئی ڈی‘، ‘لو میرج’ ‘دیکھو مگر پیار سے’، ‘فیئر فیکٹر’ جیسے مقبول ٹی وی شوز میں نظر آئیں۔ کوشل پیشہ ور ڈانسر بھی تھیں اور انھوں نے رئیلٹی ٹی وی ڈانس شو جھلک دکھلا جا کے ساتویں سیزن میں حصہ لیا تھا۔

متعلقہ خبریں