مسجد نبویﷺ کے صحن میں مزید 20 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش

سعودی عرب(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں واقع مسجد نبویﷺ کے صحن میں حال ہی میں مزید 20 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے گزشتہ روز مسجد نبویﷺ کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے والے مختلف اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ہمراہ دورہ کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ کے تمام سرکاری و نجی ادارے رمضان المبارک سے قبل زائرین کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مستعد ہیں۔گورنر مدینہ منورہ کے ہمراہ میئر انجینئر فہد البلیھشی، ڈائریکٹر پولیس میجر جنرل عبدالرحمٰن المشحن اور سیکرٹری گورنریٹ وھیب السھلی بھی تھے۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد نبویﷺ کے صحن کے احاطوں کا معائنہ کیا اور مسجد کے اطراف میں زائرین کے لیے پیش کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ صحن کے نئےاحاطوں کو حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے جس کے بعد مسجد نبویﷺ میں اب 20 ہزار سے زائد مزید نمازیوں کے لیے گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔
گورنر مدینہ منورہ نے مسجد نبویﷺ کے صحن میں پیدل چلنے والوں کے راستوں اور السلام روڈ پر واقع نئے مغربی احاطوں کا بھی معائنہ کیا جن کی تکمیل کے بعد مسجد نبویﷺ میں اب تین لاکھ 26 ہزار 429 نمازیوں کی گنجائش ہو گئی ہے۔
گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ رمضان کے دوران زائرین کو اعلیٰ اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔ سعودی حکومت کی ہدایت ہے کہ مسجد نبویﷺ کے زائرین کے آرام و سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔