سپریم کورٹ کا اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو وطن واپس لانے کا حکم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تین ہفتوں میں بچیاں وطن واپس لانے کا حکم دیا ہے۔سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری ایف آئی اے ٹیم دبئی بھیجنے کی سمری منظور کرائیں۔
جسٹس مقبول باقر کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم کیساتھ وزارت داخلہ کے حکام کو بھی جانا ہوگا، اتنا عرصہ گزر گیا لیکن بچیاں واپس کیوں نہیں لائی جا سکیں۔
وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت بچیوں کو واپس نہیں لا سکتی، درخواست گزار کو خود دبئی جاکر کیس دائر کرنا ہوگا۔اداکارہ صوفیہ مرزا نے کہا ہےکہ کئی ایسے کیسز ہیں جن میں حکومت بیرون ملک سے بندوں کو لائی ہے، 12 سال سے میں پریشان ہورہی ہوں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ ٹیم دبئی بھجوانے کیلئے سمری وزیر اعظم کو بھیجی ہوئی ہے۔جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ وزیر اعظم سے سمری جلد منظور کروا کر ٹیم دبئی بھیجی جائے، جس کے بعدجسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔