حکومتی ٹیم کا ترین گروپ سے رابطہ، فیصلوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومتی ٹیم کا ترین گروپ کے ساتھ رابطہ ہوا ہے جس میں حکومتی فیصلوں کی حمایت کی درخواست کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ترین گروپ کے عون چوہدری سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے عون چوہدری کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم کیے جاچکے ہیں۔حکومتی ٹریم نے بتایا ہے کہ ترین گورپ کو اہم وزارتیں بھی دی جائیں گی اور ساتھ ہی دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا۔
اس دوران وفاقی وزراء نے درخواست کی ہے کہ ترین گروپ حکومت فیصلوں سمیت پارٹی اقدامات کی حمایت کرے۔ اس مشاورت پر عون چوہدری نے بتایا ہے کہ ترین گروپ جلد حتمی مشاورت کے بعد اپنے طے کیے جانے والے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صوبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کے چوہدری پرویز الٰہی کو سونپنے کے فیصلے پر علیم خان گروپ کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان گروپ چوہدری پرویز الٰہی کے حوالے سے آج مشاورت کرے گا اور فیصلہ کریگا کہ ان کی حمایت کرنی ہے یا نہیں ۔
علیم خان آج اپنے ساتھیوں، ٹکٹ ہولڈرز، ارکان اسمبلی سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی تھی جس دوران یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ انہیں پنجاب کی وزارت اعلیٰ سونپ دی جائیگی۔قبل ازیں پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ دے چکے تھے جسے قبول کرلیا گیا تھا۔