چوہدری برادران اگر آپ زبان پر قائم نہیں رہ سکتے تو آپ کچھ بھی نہیں ہیں،بلاول بھٹو
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چوہدری برادران اگر آپ زبان پر قائم نہیں رہ سکتے تو آپ کچھ بھی نہیں ہیں۔آصف علی زرداری ،سردار ایاز صادق ،اختر مینگل، عبدالغفور حیدری اور اسلم بھوتانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو سے صحافی نے چوہدری برادران سے متعلق سوال کیا۔
صحافی نے پی پی چیئرمین سے استفسار کیا کہ کیا چوہدری برادران کی واپسی کی کوئی گنجائش ہے؟
اس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آپ اپنی زبان پر قائم نہیں رہ سکتے ہیں تو آپ کچھ بھی نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خط قوم کے سامنے لے کر آئے، اُن کی عادت ہے کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں۔پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم چیلنج کررہےہیں خط کامعاملہ قوم کے سامنے لے کر آئیں، جھوٹے الزامات لگانا عمران خان کی عادت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جھوٹے الزامات ہیں، اس کو ہم چیلنج کرتے ہیں خط سامنے لائیں، تحریک عدم اعتماد پر عمران خان کو شکست دینے کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، یہ عمران خان کا آخری ہفتہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری یہ کوشش تھی کہ اتحادی جماعتوں کو اس لیے ساتھ لےکر چلیں، ایم کیو ایم کی ایک بھی ڈیمانڈ ایسی نہیں ہے جس پر میں نے ناں بولا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہر صورت اور ہر حال میں ملک اور کراچی کی ترقی کیلئے ایم کیو ایم کیساتھ مل کر کام کرنا ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ کل ایک تاریخی دن تھا، متحدہ اپوزیشن نے کل تحریک عدم اعتماد پیش کی، کل بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ آج اسلم بھوتانی کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ آئے، بھوتانی صاحب پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مرحلے میں کھڑے ہورہے ہیں، متحدہ اپوزیشن اسلم بھوتانی کو سیلوٹ کرتے ہیں۔