ون ڈے رینکنگ: بنگلادیش نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بنگلادیش کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے جبکہ پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔آئی سی سی نے تازہ ترین ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بنگلادیش نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔
حال ہی میں بنگلادیش نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی جس کے بعد ان کے درجے میں بہتری ہوئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کو گذشتہ روز آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ان کے درجے میں تنزلی ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل پاکستان ٹیم کا چھٹا نمبر تھا۔اگر ہم دونوں ٹیموں کے ریٹنگ پوائنٹس کی بات کریں تو دونوں ٹیموں کے 93،93 پوائنٹس ہیں جس کا مطلب ہے کہ اگر پاکستان ٹیم آسٹریلیا کو صرف ایک میچ میں بھی شکست دے دیتی ہے تو واپس بنگلادیش کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر آجائے گی۔
اس فہرست میں 121 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کا پہلا، انگلینڈ 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔علاوہ ازیں چوتھے نمبر پر بھارت 110 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ 102 کے ساتھ پانچویں، سری لنکا 81 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، ویسٹ انڈیز 77 پوائنٹس کے نویں اور افغانستان 68 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔