تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ”منفی”ہوگی، موڈیز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں پاکستان کی ریٹنگ منفی کر دی۔ موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاکستان میں پالیسی کے تسلسل پر سوالیہ نشان ہے۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد حکومت کے ریفارمز متعارف کرانے کی صلاحیت پر اثر انداز ہو گی۔ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کوبیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ‏آئی ایم ایف سے جاری معاملات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ ‏عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہاہے، 8 ماہ میں پاکستان کا جاری خسارہ 12 ارب ڈالر رہا جبکہ رواں مالی سال جاری خسارہ جی ڈی پی تناسب سے 5 سے 6 فیصد رہے گا، اس سے قبل جاری خسارہ جی ڈی پی تناسب سے 4 فیصد رہنے کے اندازے تھے۔
موڈیز کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں زرمبادلہ ذخائر کم ہونا شروع ہوجائیں گے، ‏بین الاقوامی ادائیگیاں پاکستان کیلئے مشکل ہوسکتی ہیں۔موڈیز کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا نتیجہ جو بھی ہو حکمران جماعت کے لیےآمدن بڑھانے کے ریفارم پر پیشرفت مشکل ہو گی، بیرونی فنانسنگ کے حصول اور مہنگائی کے سبب حکمران جماعت کے لیے پیش رفت مشکل ہو گی۔