وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت کا خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ ، حکمت عملی تیار کرلی گئی

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز نے تحریک انصاف کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا میں بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کابینہ کے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی مشاورت کی جائے گی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور حکومت نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ترجمان معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی، صوبائی حکومت اپنا کام کرتی رہے گی اور صوبے کی ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تیاری کی ہے تو ہم بھی مقابلے کے لیے تیار ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے، تحریک عدم اعتماد حکومت کو ہٹانے کا واحد راستہ ہے لیکن اپوزیشن کے پاس اکثریت نہیں تو وہ کیسے کامیاب بنائیں گے۔