کیا آپ چاہتے ہیں بچے جھوٹ نہ بولیں؟ جانئیے آسان طریقے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بچے جب بڑے ہورہے ہوتے ہیں تو ان میں کچھ بُری عادات بھی پروان چڑھ سکتی ہیں، جن میں سے ایک جھوٹ بولنا بھی ہے۔اگر آپ کی بیٹی یا بیٹا بھی جھوٹ بولنے لگا ہے اور آپ کو ایسا لگتا ہے کہ ان کی یہ عادت ختم کرنا مشکل ہے تو جان لیجئے ناممکن کچھ نہیں ۔
ہم آج آپ کو ایسے آسان طریقے متعارف کروا رہے ہیں جن پر عمل کرکے ان کی جھوٹ بولنے کی عادت کو ختم کیا جاسکتاہے۔
بچوں کی جھوٹ بولنے کی عادت ختم کرنے کے طریقے
سچ بولنے پر انعام دیں
گھر میں ایک قانون بنائیں،جس پر والدین خود بھی عمل کریں۔
بچوں کو سمجھائیں کہ ایمانداری سے کام لیں، بولتے وقت بھی ایمانداری کا مظاہرہ کریں، جھوٹ نہ بولیں۔بچوں کو بتائیں کہ جو ایمانداری کا مظاہرہ کرے اسے انعام میں کوئی چاکلیٹ دی جائے گی ،تاکہ بچے یہ دیکھیں کہ سچ بولنے سے انعام ملتاہے۔
بچوں کو زیادہ نہ ڈانٹیں
کوشش کریں کہ جب بچے کسی چیز کو توڑنے کے بعد ایمانداری سے سچ بتادیں تو اس وقت بجائے انہیں حد سے زیادہ ڈانٹ ڈپٹنے کے، انہیں پیار سے سمجھائیں۔یہ جاننا ضروری ہے کہ اگر سچ بتانے کے بعد انہیں حد سے زیادہ ڈانٹا جائے گا تو آئندہ وہ سچ بتانے سے گریز کریں گے۔


سچ اور جھوٹ کے فائدے اور نقصان بتائیں
آپ کا بچہ جھوٹ بولنے لگا ہے تو پھر کہانیوں کی صورت میں اسے جھوٹ بولنے کے نقصان بتائیں۔انہیں سچ بولنے کا درس دینے والی کہانیاں سنائیں، سچ بولنے کے فوائد بتائیں۔
والدین زیادہ غصہ نہ کریں
جن بچوں کے والدین غصے والے ہوتے ہیں، ان کے بچے جھوٹ کا زیادہ سہارا لیتے ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اگر سچ بولیں گے تو ان کے والدین انہیں مار بھی سکتے ہیں۔ والدین اگر بچوں کے جھوٹ بولنے کی وجہ جان لیں تو ان کی یہ عادت ختم کروائی جاسکتی ہے۔


بچے احساس کمتری کا شکار تونہیں۔۔۔
اکثر بچے احساس کمتری کا شکار ہوکر اپنے دوستوں کے سامنے بڑی بڑی باتیں کرنے یا دوسرے لفظوں میں شیخیاں بھگارنے کے عادی ہوجاتے ہیں۔اگر وہ کسی بات کو لے کر اداس ہے تو ان کی رہنمائی کریں، انہیں ان کی خوبیوں کے بارے میں بتائیں اور انہیں سمجھائیں کہ ہر انسان کے پاس ایک جیسی چیزیں نہیں ہوتیں یا ہر بچہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔