وزیرِ اعظم اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے راضی ہو گئے: اپوزیشن کا دعویٰ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موجودہ سیاسی صورتِ حال کے تناظر میں ایک اہم شخصیت نے وزیرِ اعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو پیغام دیا ہے، جبکہ اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے راضی ہو گئے۔
وزیرِ اعظم نے محفوظ راستہ مانگ لیا
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتِ حال میں وزیرِ اعظم عمران خان نے محفوظ راستہ مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے پیشکش کی ہے کہ اپوزیشن تحریکِ عدم اعتماد واپس لے لے تو میں اسمبلی تحلیل کر دوں گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن متفق نہ ہوئی تو ہرطرح کے حالات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔
وزیرِ اعظم کیلئے واحد فیس سیونگ ’استعفیٰ‘ تجویز
دوسری جانب اپوزیشن نے وزیرِ اعظم عمران خان کے لیے واحد فیس سیونگ ’استعفیٰ‘ تجویز کیا ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق اہم شخصیت کے پیغام پر اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں غور کیا گیا۔حزبِ اختلاف کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی اکثریت نے عمران خان پر اعتماد نہ کرنے کا کہہ دیا ہے۔
ہمارے پاس نمبر پورے ہیں: اپوزیشن
اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، اسپیکر سے جلد ووٹنگ کا مطالبہ کیا جائے۔اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں نے رائے دی ہے کہ جتنی جلدی تحریکِ عدم اعتماد پر کارروائی مکمل ہو گی ہمیں فائدہ ہو گا۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، اپوزیشن کا عدم شرکت کا فیصلہ
اپوزیشن ذرائع کے مطابق حزبِ اختلاف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں آج شام 6 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مراسلے پر بریفنگ دی جائے گی۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔