عمران خان کو این آر او نہیں دیں گے ، متحدہ اپوزیشن کے قائدین کے مشاورتی اجلاس کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے قائدین نے فیصلہ کیا کہ عمران خان نیازی کو این آر او نہیں دیں گے ۔متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی ، اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے 172 ارکان اسمبلی نے شرکت کی ۔
اجلاس میں تحریک عدم اعتمادکی کامیابی کیلئے ارکان کی مطلوبہ سے زائد تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن عمران خان کو این آر او نہیں دے گی، ذرائع سےچلائی جانےوالی خبریں فیصلہ تبدیل نہیں کراسکتیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان نیازی وزارت عظمیٰ کے منصب پر غیر آئینی طور پر براجمان ہیں ، وہ ملک کو تصادم ، انتشار سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں ، حکومتی مشینری بشمول آئی جی اسلام آباد ، ضلعی انتظامیہ اور دیگرمتلعقہ ادارے غیر قانونی احکامات ماننے سے اجتناب کریں ۔