این سی اوسی نے16سال یا زائد عمر طلباء کو موڈرنا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) این سی اوسی نے16سال یا زائد عمر طلباء کو موڈرنا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی، آکسفورڈ کی موڈرنا ویکسین صرف ان طلباء کو لگائی جائے گی جو بیرون ملک اسٹڈی ویزہ پر جا رہے، ویکسین لگوانے کیلئے طلباء کو دستاویزی ثبوت دینا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عالمی وباء کورونا کیخلاف قوت مدافعت کیلئے آکسفورڈ کی موڈرنا ویکسین سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔جس کے تحت 16 سال یا زائد عمر طلباء کو ویکسین لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم موڈرنا ویکسین بیرون ممالک جانے والے ان طلباء کو لگائی جائے گی جو اسٹڈی ویزے پر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، اور ان طلباء کے پاس کسی یونیورسٹی کا موڈرنا ویکسین لگانے کا لیٹر موجود ہے، ایسے طلباء کو ویکسین لگوانے کیلئے ضروری کاغذات کا ثبوت دینا ہوگا۔دوسری جانب معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 80 فیصد لوگوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگنے تک بوسٹر ڈوز لگوانے کی ضرورت نہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ بات امریکی ماہرین کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو ڈیلٹا وائرس کی روک تھام کیلئے مزید ایک ویکسین کی خوراک یا بوسٹر ڈوز دینے کی تجویز کے حوالے سے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی ویکسین کی ضرورت ان لوگوں کو ہے جنہیں ابھی تک ایک یا دونوں ڈوزز نہیں لگی ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ اس وقت کیا جاسکتا ہے جب زیادہ تر آبادی کو ویکسین لگ چکی ہو۔
اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق منصوبہ پاکستان کے نیشنل ڈپلائمنٹ اینڈ ویکسینیشن پلان کیلئے معاون ہوگا۔ اے ڈی بی کے مطابق منصوبے سے کوویڈ ویکسین کی 39 لاکھ80 ہزارخوراکیں ، سیفٹی باکس اور سرنجیں حاصل کی جاسکیں گی۔ پاکستان کو یہ رقم اے ڈی بی کے دسمبر2020 میں شروع کئے جانے والے 9 ارب ڈالر مالیت کے ایشیاء پیسیفک ویکسین تک رسائی کی سہولت کے پروگرام کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔