دادو میں آگ لگی تو رسپانس آہستہ تھا، مراد علی شاہ کا اعتراف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دوبارہ نوری آباد والا ریفرنس نیب نے دائر کیا ہوا ہے، یہ ایک جھوٹا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ یہ پلانٹ بہت سستی بجلی دے رہا ہے جس سے کے الیکڑک بجلی لیتا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت فیول نہ لینے کی وجہ سے 10 سے 12 گھنٹہ پورے سندھ میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہےجبکہ گرمیوں میں بجلی کے بحران کو قابو کرنا بڑا امتحان ہوگا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات سن کر لگتا ہے عالمی سازش سے شروع ہوکر ایسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہ ہونے کی وجہ بتا رہے ہیں۔ لوگوں کو یاد رہتا ہے کہ پہلے آپ نے کیا کہا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے ان کو کیوں نکالا گیا کیونکہ انکے پاس بندہ پورے نہیں تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو میں آگ لگی تو رسپانس آہستہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود اس گاؤں میں گیا تھا،میں تسلیم کرتا ہوں کہ امداد کا کام بہت سست تھا۔مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ فون پہ رابطہ میں تھے دیر سے پہنچنے والوں کے خلاف انوسٹیگیٹ کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جن کے گھر جلے ہیں اور نقصان ہوا ہے انہیں گھر بنا کر دیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان میں عوام کو دیئے گئے ریلیف پیکج پر عملدرآمد کیا جائے ۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے وزیرِاعظم کو سندھ کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔