گورنر پنجاب کا پی ٹی آئی رہنماؤں کو گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کی اجازت دینے سے انکار
لاہور (قدرت روزنامہ) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ہی پارٹی رہنماؤں کو گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے نئے مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کوپریس کانفرنس کی اجازت دینے سے معذرت کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور شفقت محمود نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرنا تھی جس کے لیے میڈیا کو دعوت نامے بھی جاری کیے جا چکے تھے۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری راشد منصور کی جانب سے لکھے جانے والے خط کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری کو عہدے سے ہٹانے کے لیے چیف سیکرٹری کو خط بھی لکھ دیاہے ۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کی جگہ سپیشل سیکرٹری عمر سعید کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے لکھے گئے خط پر اعتراض لگایا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری کس طرح ازخود خط لکھ کر گورنر کو دبائومیں لا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے پرنسپل سیکرٹری کے خطوط منظر عام پر آنے کے بعد انکوائری کی اورحکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ پرنسپل سیکرٹری کی خفیہ خط و کتابت میڈیا تک کیسے پہنچی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری راشد منصور نے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو دو خطوط لکھے تھے، پہلے خط میں گورنر پنجاب کو حمزہ شہباز سے حلف لینے کا کہا تھا جبکہ دوسرے خط میں گورنر کو موصول ہونے والی سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کو ازخود مسترد کیا گیا تھا۔