نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کا قتل ، دوسرا ملزم عمر بھی گرفتار
لاہور (قدرت روزنامہ)پولیس نے مبشر کھو کھر کے قتل کیس میں دوسرے ملزم عمر کو بھی گرفتار کرلیا، سی آئی اے پولیس کے مطابق عمر بھی مقدمے میں نامزد ہے اور اسے نامزدگی کا معلوم نہیں تھا، یہ بھی شادی کی تقریب میں گیا تھا لیکن موٹرسائیکل پر باہر ہی انتظار کرتا رہا۔ پولیس ذرائع کے حوالےسے دنیا نیوز نے بتایا کہ موقع سے پکڑے گئے مرکزی ملزم ناظم کی بھی تاحال گرفتاری نہیں ڈالی گئی ۔ادھر نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاؤں مانووال چوہنگ لاہور میں ادا کر دی گئی،سیاسی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ملک مبشر کو گزشتہ رات اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھاجب وہ ولیمہ کی تقریب میں موجود اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی شادی کی تقریب میں شریک تھے۔قتل کے بعد ملک اسد کھوکھر کے بطور وزیر حلف کی تقریب ملتوی کر دی گئی۔
پولیس نے موقع سے گرفتار ملزم ناظم کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا۔ ملزم ناظم کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب میں مہمانوں کے ساتھ داخل ہوا اور ان میں ہی جا کر بیٹھ گیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب واپس جانے لگے تو تینوں بھائی ساتھ تھے، میں وزیر اعلیٰ کے پیچھے پیچھے مارکی سے باہر آگیا اور پھر موقع ملتے ہی فائرنگ کردی۔