ارشد ندیم میڈل تو نہ جیت سکے مگر قوم کے دل جیت لیے

ٹوکیو (قدرت روزنامہ)ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کر کے قوم کے دل جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھروکے فائنل مقابلے میں 12 ایتھلیٹ پہلے مرحلے میں شامل تھے جن میں سے ٹاپ 8 نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ پاکستان کے ارشد ندیم کی جانب سے بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور وہ فائنل راؤنڈ میں پانچویں پوزیشن سمیٹنے میں کامیاب رہے۔

فائنل راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم پانچویں نمبر پر رہے۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے اس مقابلے میں گولڈ، جمہوریہ چیک کے جیکب واڈلیچ نے سلور اور جمہوریہ چیک ہی کے ویتے سلاف ویسلے نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

میڈل راؤنڈ میں ٹاپ تین کھلاڑی گولڈ، سلور اور برانز میڈل کے حقدار ٹھہریں گے۔ پاکستان کے کسی اولمپک نے آج تک جیولین تھرورکے مقابلوں میں براہ راست فائنل تک رسائی حاصل نہیں کی اس طرح ارشد ندیم فائنل میں پہنچنے والے پاکستان کے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے24 سالہ ارشد ندیم نے ساؤتھ ایشین گیمز میں شاندار پرفارمنس دکھا کر اولمپکس کیلئے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اس مرتبہ بھی عالمی مقابلوں کے اس ایونٹ میں کوئی تمغہ حاصل نہیں کرسکا۔