عمران خان نے دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کیلئے صدر اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے معاملے پر صدر مملکت عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے خط میں صدر سے ریاست کے سربراہ اور کمانڈران چیف افواجِ پاکستان فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ، خط میں پاکستان کی خود مختاری اور جمہوریت کو لاحق خطرے کی عوامی تحقیقات کی استدعا کی گئی۔
اپنے خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ نے دیگر حکام کے ہمراہ ہمارے سفیر سے باضابطہ ملاقات کی اور اس ملاقات پر بھجوائی تمام تفصیلات خفیہ مراسلے کی شکل میں آپ کے پاس ہیں ، خفیہ مراسلے کی رپورٹ میں امریکی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ کی گفتگو واضح بیان کی گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ سازش کے کرداروں کے تعین کیلئے کمیشن بنائے جو کھلے عام معاملے کی تحقیقات کرے کیوں کہ عوام سچ اور تبدیلی اقتدار کی بیرونی سازش میں ملوث کرداروں سے متعلق جاننا چاہتے ہیں ، ایوانِ صدر اور عدالتِ عظمیٰ کی معاملے پر خاموشی سے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے خط میں کہا ہے کہ اپنے جمہوری حق پر بیرونی سازش کی شکل میں پڑنے والے ڈاکے پر عوام سراپا احتجاج ہیں، عوام حصولِ انصاف کیلئے عدالتِ عظمیٰ و سربراہِ ریاست کی جانب نظریں لگائے ہوئے ہیں، صدر مملکت اور چیف جسٹس سے گزارش ہے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔ دوسری طرف سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد آئی آر آئی ایس نامی ادارے کی جانب سے عوام کی رائے جاننے کیلئے خصوصی سروے کروایا گیا ہے، جس مین سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ناجائز قرار دیتے ہوئے 64 فیصد عوام نے تحریک عدم اعتماد کو غلط قرار دے دیا، عوام کی اکثریت نے “امپورٹڈ حکومت نامنظور” بیانیے کی بھی حمایت کر دی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سروے کے نتائج کے مطابق عوام کی اکثریت عمران خان حکومت کے خاتمے سے خوش نہیں ہے ، آئی آر آئی ایس سروے میں عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سوال پر 64 فیصد عوام نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کسی صورت جائز نہیں، 33 فیصد نے تحریک عدم اعتماد کو درست قرار دیا جبکہ 3 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا ، ملک کی اکثریت 57 فیصد عوام نے سروے میں عمران خان کے “امپورٹڈ حکومت نامنظور” بیانیے کی حامی نکلی۔
سروے میں آئی آر آئی ایس کے سروے میں نئے انتخابات کے حوالے سے 50 فیصد عوام نے فوری انتخابات کی حمایت کی، 44 فیصد کی رائے تھی کہ عمران خان کے جلسوں سے فوری الیکشن کا دباؤ بڑھے گا ، 74 فیصد عوام نے فوری انتخابات کی صورت میں پی ٹی آئی کی کامیابی اور آئندہ حکومت بنانے کا دعویٰ کیا۔