تیسری بیوی دانیہ کے سنگین الزامات پر عامر لیاقت کا سخت ردعمل سامنے آگیا

کراچی (قدرت روزنامہ)ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ مجھ پر نشہ کرنے کا الزام درست نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ کیا آپ یقین کرسکتے ہیں کہ میں شراب پیتا ہوں گا؟انہوں نے مزید کہا کہ میں کچھ دیر بعد اپنا بیان جاری کروں گا۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ تنسیخ نکاہ کے لیے عدالت پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے عدالت میں تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
دانیہ شاہ نے درخواست میں لکھا ہے کہ عامر لیاقت جیسے نظر آتے ہیں ویسے نہیں ہیں۔دانیہ شاہ نے تنسیخ نکاح، حق مہر اور نان نفقہ کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو 7 جون کے لیے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔
دانیہ شاہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کی ڈگری جاری کی جائے اور حق مہر کی مد میں 11 کروڑ روپے، گھر اور زیورات ادا کرنے کا حکم دے۔
انہوں نے درخواست میں مزید لکھا ہے کہ عدالت ایک لاکھ روپے خرچہ نان نفقہ مقرر کرے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں تاہم ان کی تردید کردی جاتی تھی۔