اکیلے پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

بشام(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی جلد کے پی میں ہوگی، اکیلے پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں ہے پاکستان جب ترقی کرے گا جب پنجاب کے ساتھ کے پی ترقی کرے گا .
شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا سب سے خوبصورت شہر ہے، خیبرپختونخوا کے لوگوں نے بہت قربانیاں دیں، ابھی وزیراعظم بنے تین ہفتے ہی ہوئے ہیں جب تک جان میں جان ہے دن رات کام کروں گا، پاکستان میں غریب آدمی سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، کے پی سمیت پورے پاکستان کے اسپتالوں میں مفت علاج ہوگا .


وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تاریخ کے سب سے بڑے قرضے لیے جن کی مالیت 24 ہزار ارب ہے، چار برس میں مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی، عمران خان نے عوام کو دھوکا دیا، پاکستان آج بھی اپنی منزل ڈھونڈ رہا ہے، غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹے جا رہے ہیں لیکن ہم پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنا کر چھوڑیں گے .
وزیراعظم نے شانگلہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا . انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے ایک دو دن میں جو قیمت آٹے کی پنجاب میں ہوگی وہی خیبر پختونخوا میں ہوگی، وزیراعلیٰ کے پی کے سستا آٹا فراہم کریں، وزیراعلی نے اس قیمت پر آٹا نہیں دیا تو اپنے کپڑے بیچوں گا اور سستا آٹا دوں گا، ہم کب تک کشکول لے کر پھریں گے، کشکول لے کر پھرنے سے عزت نہیں ملتی .
شہباز شریف نے پوران گرڈ اسٹیشن 3 ماہ میں بنانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ ہم ساری زندگی بھیک نہیں مانگ سکتے، میں خیبر پختونخوا کے مسائل کے حل کے لیے دو ارب روپے کا اعلان کرتا ہوں، اکیلے پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں ہے پاکستان جب ترقی کرے گا جب پنجاب کے ساتھ کے پی ترقی کرے گا .

. .

متعلقہ خبریں