جے یو آئی کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک بھر میں حرمت مسجد نبوی اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کراچی اور پشاور میں بڑے اجتماعات ہوں گے۔
ترجمان جے یو آئی راشد سومرو نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام 19 مئی بروز جمعرات کو مزار قائد پر جلسہ کرے گی۔راشد محمود سومرو نے جلسے کے لیے ذمہ داران اور کارکنان کو بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی۔ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں عوامی اجتماعات کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے اجتماعات سے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق 21 مئی بروز ہفتہ پشاور میں بہت بڑا جلسہ ہوگا۔اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے۔جے یو آئی مذہبی اقدار سمیت عوامی مفاد کے لئے ہر وقت میدان میں ہے۔کارکن تیاریاں شروع کردیں ، نیازی کے جھوٹے بیانیے کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے۔
اسلم غوری نے مزید کہا کہ جے یو آئی ہی وہ واحد مذہبی سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوریت کے ساتھ ساتھ آئین کی اسلامی دفعات اور شعائر اسلام کا تحفظ کرنا ہے۔ جے یو آئی کا پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا مشن ان شا اللہ جاری رہے گا۔ایک نااہل حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے میں جے یو آئی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔