حریم فاروق کا احسن اقبال کے ٹوئٹ پر اظہارِ برہمی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے عمران خان کا انٹرویو لینے پر وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا مذاق اڑائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
حریم فاروق نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر احسن اقبال کے ٹوئٹ پر اپنے ردِ عمل دیا، اُنہوں نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ایک مذاق ہے؟‘


اُنہوں نے مزید لکھا کہ’بہت احترام کے ساتھ لیکن مجھے لگتا ہے کہ آپ کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ سیاست کے برعکس ہماری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری عالمی سطح پر ایک مثبت کردار ادا کررہی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ’یہ پاکستان کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا اگر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور حکومت ایک دوسرے کا مذاق اڑانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں۔‘ساتھ ہی انہوں نے احسن اقبال کو یہ احساس بھی دلایا کہ آپ اپنی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی طاقت کو جانیں۔


خیال رہے کہ کچھ روز قبل اداکار شان کے عمران خان کا انٹرویو لینے پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹوئٹر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا تھا۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ’عمران خان کا انٹرویو کرنے کے لیے کسی پیشہ ور صحافی کے بجائے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا استعمال کرنے کا مطلب یہ ہے کہ انٹرویو تفریح ​​کا حصّہ تھا اور اسے سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے۔‘