گورنر پنجاب کو کل منصب سے ہٹایا جائےگا یا نہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کی دوسری سمری کے بعد عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب مدت کل ختم ہوجائے گی . عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ جب تک صدر چاہیں گے، گورنر کے عہدے پر رہوں گا، وزیراعظم کو گورنر کو ہٹانے کا اختیار نہیں ہے .


انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس صورت میں نیا گورنر لگا سکتا ہے جب کوئی گورنر نہ ہو .
دوسری جانب وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب نامزد کیا ہے . بلیغ الرحمٰن کو گورنر پنجاب بنانے کی سمری صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجی گئی ہے .
نامزد گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا تعلق بہاولپور سے ہے . بلیغ الرحمٰن ن لیگی دورِ حکومت میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں . واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی سمری صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائی تھی .
اس سمری پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مقررہ دنوں میں کارروائی نہیں کی تھی . جس کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یکم مئی کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی سمری دوبارہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائی تھی . ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئین کے مطابق صدرِ مملکت اگر گورنر پنجاب کو نہیں ہٹاتے تو 10 دن میں وہ خود ہی فارغ ہو جائیں گے .

. .

متعلقہ خبریں