مخلوط حکومت بھی ریلیف نہ دے سکی ، یوٹیلٹی سٹورز پر دال، بیسن ، مرچ، ہلدی، زیرہ ، لونگ و دیگر اشیاء مہنگی کر دی گئیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو مخلوط حکومت بھی ریلیف نہ دے سکی ، یوٹیلٹی سٹوروں پر مختلف اشیائے خور کی قیمتیں بڑھا دی گئیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق یوٹیلٹی سٹور پر دال ، بیسن ، کھجور کے بعد مسالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ، حتیٰ کہ یوٹیلٹی سٹورز کے اپنے برانڈ کے مسالحہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں ، قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کا اطلاق فوری نافذ العمل ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر 200 گرام سرخ مرچ کی قیمت میں 36 روپے ،200 گرام سفید زیرہ کی قیمت میں 23 روپے ، 200 گرام دھنیا ثابت اور پاوڈر کی قیمت میں 9،9 روپے ، پچاس گرام گرم مصالحہ ، کالی مرچ کی قیمت میں 8،8 روپے ،100 گرام ہلدی کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق 50 گرام بڑی الائچی کی قیمت 18 روپے ، سبز الائچی کی قیمت 13 روپے ، 50 گرام لونگ کی قیمت میں 16 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جماعت مسلم لیگ (ن) نے مارچ کے مہینے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس وقت کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف لاہور سے اسلام آباد تک “مہنگائی مکاؤ مارچ ” کیا تھا۔ اس مارچ کا مقصد عوام سے مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنا اور غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا تھا۔