عمران خان نے4 سال میں جوتباہی کی وہ 1ماہ میں بہتر نہیں ہوسکتی، خورشید شاہ

سکھر (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو چار سال میں تباہی کی ہے وہ ایک ماہ میں بہتر نہیں ہوسکتی۔خورشید احمد شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیر سیاسی باتیں کر رہا ہے، یہ سیاسی بندہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چئیرمین کے پاس اور کوئی بیانیہ نہیں وہ غلط باتیں کر رہا ہے، گزشتہ چار سال میں عمران خان نے کوئی اچھا کام نہیں کیا، انہوں نے معیشت تباہ کر دی جس کو بہتر کرنے میں اب وقت لگے گا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سوائے اداروں اور مخالفین پر حملے کرنے کے علاوہ عمران کچھ نہیں جانتا، شیخ رشید جتنا بہادر ہے وہ سب کو پتہ ہے، پہلے چھوٹی سی گڑبڑ ہوئی تھی تو شیخ رشید موٹر سائیکل پر بھاگ گیا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کوئی بات نہیں ہے جب وقت آیا تو سب کا پتہ لگ جائے گا، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرتے ہم کسی کو جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو اسے قانون ضرور پکڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں وفاقی وزیر ہوں پھر بھی عدالت میں پیش ہو رہا ہوں، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہم اس کے حامی ہیں کہ بھلے کمیشن بنے تاکہ معاملہ واضح ہو۔