حسنین کے بولنگ ایکشن پر دوبارہ کام شروع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محمد حسین کے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کے لیے دوبارہ کام شروع کردیا گیا ہے۔نجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کی درستگی پر دوبارہ کام شروع کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق محمد حسنین کے بولنگ ایکشن میں بہتری آئی ہے جبکہ کوچز نے بھی حوصلہ افزاء رپورٹ دی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عید کی وجہ سے محمد حسنین کی بولنگ پر کام کرنے میں وقفہ آیا تھا تاہم ان کے کوچز ایک مرتبہ پھر کام کا آغاز کرتے ہوئے حتمی جائزہ لیں گے۔کوچز کے مکمل اطمینان کے بعد ہی آئی سی سی کو محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لینے کا کہا جائے گا۔
واضح رہے کہ بگ بیش کے گذشتہ سیزن میں ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھایا گیا تھا جس کے بعد رواں سال 21 جنوری کو انہوں نے لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکنیک لیب میں ٹیسٹ دیا تھا جس میں ان کا ایکشن مشکوک قراردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ محمد حسنین 8 ون ڈے اور18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔علاوہ ازیں محمد حسنین پی ایس ایل ، بگ بیش، کریبیئن پریمئر لیگ اور لنکن پریمئر لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔