لاہور: چوتھی کورونا لہر میں سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ وائرس پھیلنے کے باوجود شہری کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کر رہے۔پنجاب کی سیکریٹری ہیلتھ سارہ اسلم کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پنجاب بھر میں کورونا وائرس کی مجموعی مثبت شرح 5 اعشاریہ 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سیکریٹری ہیلتھ پنجاب نے بتایا کہ کورونا وائرس کے کیسز کی راولپنڈی میں مثبت شرح 17 اعشاریہ 9 فیصد، فیصل آباد میں 2 اعشاریہ 4 فیصد، ملتان میں 3 اعشاریہ 2 فیصد، گجرات میں 2 اعشاریہ 3 فیصد رہی۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر سے 1 ہزار 87 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا کیسز کی کُل تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 644 ہو گئی ہے۔

سارہ اسلم نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب بھر میں 22 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ صوبہ بھر میں اموات کی کُل تعداد 11 ہزار 192 ہو گئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 471، راولپنڈی میں 236، ملتان میں 40، گجرات میں 38، بہاول پور میں 37، فیصل آباد میں34، سیالکوٹ میں 26، شیخو پورہ میں 21، گوجرانوالہ میں 20، سرگودھا میں 19 اور رحیم یار خان میں 18 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔