بیوی پر تشدد ہورہا ہے، حکام اسے قید سے چھڑائیں: شوہر کی فریاد

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے گھر والوں نے لڑکی کو گھر بلاکر کر تشدد کا نشانہ بنا کر قید کر دیا۔ لڑکی کے شوہر کے مطابق تھانے کے چکر لگانے پر بھی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی، بیوی پر تشدد ہو رہا ہے، اعلیٰ حکام میری بیوی کو اس کے اہلِ خانہ کی قید سے چھڑائیں۔ لڑکی کے شوہر عادل نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے رواں سال اپریل میں پسند کی شادی کی تھی۔

اس نے بتایا کہ لڑکی کے گھر والوں نے کہا کہ لڑکی کو گھر بھیج دو ہم باقاعدہ رخصتی کریں گے، گھر لے جا کر لڑکی کو اس کے والدین نے تشدد کا نشانہ بنایا۔لڑکے نے بتایا کہ میری بیوی میرے پاس واپس آنا چاہتی ہے، بیوی کو تشدد کر کے گھر میں باندھ کر رکھا گیا ہے۔

عادل کا کہنا ہے کہ میں گلبرگ اور گلشن تھانے گیا لیکن وہاں میری کوئی سنوائی نہیں ہوئی، میرے سسر نے گلبرگ تھانے میں سب کے سامنے میرا نکاح نامہ پھاڑ دیا۔

لڑکی کی اپنے شوہر کو بھیجی گئی آڈیو ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی ہے جس میں لڑکی بتا رہی ہے کہ اسے گھر میں باندھ کر رکھا گیا ہے اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لڑکی کے شوہر کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام میری مدد کریں اور میری بیوی کو اس کے اہلِ خانہ کی قید سے چھڑائیں۔