عمران خان پاکستان کیلئے جنگی جہازوں سے زیادہ خطرناک ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی (قدرت روزنامہ)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کیلئے جنگی جہازوں سے زیادہ خطرناک ہے۔چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے چار سالوں تک ہمیں گالیاں دی ہیں، پاکستان میں پی ٹی آئی کے پاس پورے نمبر نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ کےفور وفاق کا پراجیکٹ تھا، ایک انچ کام نہیں ہوا، گرین لائن کیلئے 50بسوں کو لانے کیلئے 4 سال لگ گئے۔مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کھلی چھٹی تھی جو چاہیں وہ کریں، پی ٹی آئی کو کراچی سے 14 سیٹیں دی گئیں۔چیئرمین پی ایس پی کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک خط لائے کہ امریکا نے حکومت جانے کی دھمکی دی، پی ٹی آئی نے جو بیانیہ بنایا ہے، اسے دنیا بھر میں پھیلارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس وفا نہیں، 4سال حکومت کرنے کے بعد کوئی ایک کارنامہ بتانے کو نہیں ہے، عمران خان پاکستان کیلئے جنگی جہازوں سے زیادہ خطرناک ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت جانے سے پہلے اصولی بات کی، پی ٹی آئی حکومت جانے سے پہلے ہم نے اخلاقی حمایت کا اعلان کیا، گزشتہ حکومت عدم اعتماد سے ختم کی گئی، سب عوام کے سامنے ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچپن سے سنتے آرہے ہیں کہ پاکستان نازک حالات سے گزر رہا ہے، نازک حالات کے باوجود پاکستان چل رہا ہے، پاکستان جس دورسے آج گزر رہا ہے، ماضی کے ریکارڈز توڑ دیئے ہیں۔