اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان قومی اسمبلی کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا ہے . پی ٹی آئی منحرف ارکان قومی اسمبلی کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی اور دلائل مکمل ہوجانے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا .
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کیس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ آج 3 بجے سنایا جائے گا . کیس کی آج ہوئی سماعت میں نور عالم خان کے وکیل گوہر خان نے دلائل دیئے .
انہوں نے بتایا کہ نور عالم نے پی ٹی آئی شوکاز نوٹس کے جواب میں کہا تھا کہ نہ پی ٹی آئی چھوڑی ہے اور نہ ہی پارلیمانی پارٹی . وکیل نور عالم کا کہنا تھا کہ پارٹی نے بعد میں کہا کہ عدم اعتماد پر ووٹ نہیں دینا، جو ثابت کرتا ہے پارٹی نے تسلیم کیا نور عالم ان کا رکن ہے .
انہوں نے کہا کہ نور عالم نے تین اپریل کو اجلاس میں شرکت کی کیونکہ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اجلاس میں شرکت کریں . وکیل نور عالم نے کہا کہ پارٹی نے دوبارہ کوئی ہدایت نہیں کی کہ آپ اجلاس میں شرکت نہ کریں . نور عالم خان کے وکیل نے دلائل میں مزید کہا کہ نور عالم نے کسی اور پارلیمانی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی .
ممبر الیکشن کمیشن نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد کے دن ووٹ کاسٹ کیا؟ وکیل نور عالم خان نے جواب دیا کہ نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کاسٹ نہیں کیا، نور عالم خان پر آرٹیکل 63 ون (اے) کا اطلاق نہیں ہوتا .