الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت میں اپیل کریں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلےکے خلاف ہم عدالت میں اپیل کریں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ منحرف اراکین کے متعلق الیکشن کمیشن نے ثبوت پیش کرنےکی اجازت نہیں دی، الیکشن کمیشن کےیکطرفہ فیصلوں سے اس کےکردار پر سوال اٹھتے ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلےکے خلاف ہم عدالت میں اپیل کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کے بعد ہمارا سفارتخانہ 50 فیصد کم نفری کیساتھ کام کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب 15 کے قریب ٹریڈ آفیسر کو تعینات کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے سے کشمیریوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اشیاء کی قیمتیں کم کرنے کے لیے بھارت سے تجارت بحالی کو مسترد کیا تھا، مقبوضہ کشمیر کےکشمیریوں کو کیا پیغام دینا چاہ رہے ہیں۔ شہباز شریف کی حکومت نے بھارت سے تجارت کی بحالی کا بہت بڑا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی گئی تھی، اسمبلی میں نور عالم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق چھیننے کی قرار داد پیش کی، اوور سیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے۔