مانی اگر شادی شدہ ہوتے تو بھی ان ہی سے شادی کرتی: حرا مانی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مارننگ شو کی میزبانی ہو، اداکاری ہو یا پھر گلوکاری، حرا مانی نے مختصر عرصے میں ہی شوبز انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ ویسے تو حرا مانی زیادہ تر ڈراموں میں ’ٹریجڈی‘ رول ادا کرتی نظر آتی ہیں اور شاید ہی کوئی ڈرامہ ہو جس میں ان کے رونے دھونے کا سین نہ ہو۔ حرا مانی نے بتایا کہ ’میں اصل زندگی میں بھی رو پڑتی ہوں۔ ڈراموں میں ہیروئن پر الزام لگتے ہیں وہ روتی ہے لیکن پھر آخر میں سب اسے ٹھیک کہتے ہیں تو میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، میں نے دو منگنیاں توڑیں تو بعد میں جو وجوہات سامنے آئیں تو گھر اور خاندان والوں نے ٹھیک فیصلہ قرار دیا تو میں اس طرح کے کردار کرکے مطمئن ہوں مجھے ایسے کردار اچھے لگتے ہیں۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ گلوکاری کے میدان میں قسمت آزمانے کا خیال کیسے آیا، حرا مانی نے بتایا کہ ’مجھے گانے میں دلچسپی تو تھی،جب ’’سواری‘‘ گانے کی آفر ہوئی تو میں ڈر رہی تھی کہ پتہ نہیں کیسا گاؤں گی، لوگوں کو پسند آئے گا یا نہیں تو مانی نے میری حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ تمہیں یہ گانا گانا ہے اور ڈر کو دل سے نکالنا ہے کیونکہ تم گا سکتی ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جب گانا(سواری) شوٹ کروایا تو گھر آکر مانی سے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ چھچورے انداز میں پرفارم کرکے آئی ہوں لیکن مانی نے جب دیکھا تو کہا کہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔ جب گانا ہٹ ہوا تو مجھے اعتماد ملا اس لیے میں اب یہ سلسلہ جاری رکھوں گی۔‘
حرا مانی اپنے انٹرویوز میں اپنے شوہر مانی کا ذکر ضرور کرتی ہیں اور اپنی کامیابی کا کریڈٹ انہیں دیتی ہیں، اس حوالے سے حرا کہتی ہیں کہ ’لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپ اپنی ہر کامیابی کا کریڈٹ مانی کو کیوں دیتی ہیں تو میرا ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ مانی جیسا کوئی دوسرا نہیں ہے۔ وہ بطور شوہر سپورٹیو ،بطور باپ ذمہ دار اور بطور آرٹسٹ ایک مقبول انسان ہیں۔‘


حرا مانی نے جب اپنے ایک انٹرویو میں اپنی ’لو سٹوری‘ سنائی تھی تو ان پر کچھ لوگوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی کہ انہوں نے مانی سے شادی کے لیے اپنی دوست کو دھوکہ دیا۔
اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ ’لوگ تنقید کرتے ہیں کہ میں نے اپنی دوست کے موبائل سے مانی کا نمبر چرا کر اس سے رابطہ کیا تو مجھے یہ بات بتانے کا کوئی پچھتاوا نہیں اور جن کو تنقید کرنی ہے کرتے رہیں۔ مانی اتنے رئیل ہیں کہ وہ اگر شادی شدہ بھی ہوتے تو میں ان ہی سے شادی کرتی۔‘
انہوں نے بتایا کہ جس دوست کے موبائل سے مانی کا نمبر نکالا تھا اس سے اب بھی ان کی دوستی ہے۔
حرا کے کہنا ہے کہ انہیں کوئی اچھی فلم ملی تو کر لیں گی اگر نہ بھی ملی تو کوئی بات نہیں وہ ڈراموں کی ہیروئین بن کر بھی مطمئن ہیں۔


حرا اور مانی نے کافی عرصے سے ایک ساتھ کوئی پراجیکٹ نہیں کیا، اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’ہمیں جب اچھی کہانی ملے گی تو ضرور ایک ساتھ کام کریں گے لیکن مانی تب تک سیریل نہیں کرے گا جب تک اسے اس کی شخصیت سے ملتا جلتا کردار نہ مل جائے۔‘