ہیٹ ویو سے کیسے بچا جائے؟

کراچی (قدرت روزنامہ)اگر آپ بغیر احتیاطی تدابیر گھر سے باہر نکلتے ہیں تو ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہے ، ہیٹ ویو کے دوران صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں . کراچی کے شہری ان احتیاطی تدابیر کو اپناکر خود کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھ سکتے ہیں .


طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری خود کو ہیٹ ویو سے بچائیں، ساتھ ہی پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں . ماہرین نے کہا ہے کہ ضرورت کےتحت گھر سے نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں ، محنت کش افراد مشقت کم کردیں ، ہلکے رنگوں والے کپڑے پہنیں ، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں .
ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں ، بچوں کو تپتی گرمی سے ہرصورت محفوظ رکھیںماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کا عام درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے اور اگر اس سے زیادہ ہو تو اعضا درست انداز میں کام نہیں کرتے ، لو اسی وقت لگتی ہے جب جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجائے اور پھر انسان ہیٹ اسٹروک کا شکارہوجاتا ہے .
ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک جسم میں خون گرم کرتا ہے جس سے خون میں موجود پروٹین پگھلنے لگتے ہیں ، جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کےلیے تیزی سے پسینہ خارج ہوتا ہے ، جسم کا پانی کم ہونے سے خون گاڑھا ہونے لگتا ہے اور بلڈ پریشر گرنے لگتا ہے . ماہرین نے کہا ہے کہ دماغ تک خون کی رسائی رک جاتی ہے ، پٹھے اکڑ جاتے ہیں اور سانس لینے میں دشوار ہوتی ہے جب کہ جسم کے اعضا کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اگر کوئی شخص ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوجائے تو ٹھنڈے پانی کا کپڑا جسم پر ملیں
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ عمر رسیدہ افراد کو ہیٹ اسٹروکس کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے لہذا کوشش کی جائے وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں . خیال رہے کہ شدید گرمی نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں آج بھی ہیٹ ویو کا خدشہ ہے . محکمہ موسمیات نے پنجاب میں 15 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ دوپہر کے بعد خطہ پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے .
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں نہیں ہوگا البتہ 13 اور 14 مئی کو گرمی کی شدت زیادہ رہے گی جس دوران درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی کے درمیان رہنے کا امکان ہے . گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا . ادھر سول اسپتال سکھر سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں اور ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی کے لیے مساجد سے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں