تاج محل کے بعد قطب مینار بھی انتہا پسند ہندوؤں کو کھٹکنے لگا، خطرناک مطالبہ

نئی دہلی(قدرت روزنامہ)تاج محل کے بعد قطب مینار بھی انتہا پسند ہندوؤں کو کھٹکنے لگا ہے اور وہ اسے مندر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کو بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعتوں نے نئی دہلی میں واقع قطب مینار کے سامنے احتجاج کیا جس میں جے شری رام کے نعرے لگائے گئے۔
انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمان حکمرانوں کے بنائے گئے ثقافتی ورثے قطب مینار کو وشنو مندر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انتہا پسند ہندو جماعت کے سربراہ بھگوان گوئل نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو میمورنڈم دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ثقافتی مقام قطب مینار جو مسلم حکمراں قطب الدین ایبک نے تعمیر کرایا تھا ، وہ دراصل وشنو مندر تھا۔
ثقافتی ورثے کے مقام پر جمع ہو کر نعرے بازی کرنے پر پولیس نے یونائیٹڈ ہندو فرنٹ کے سربراہ جے بھگوان گوئل کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔