آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمہ میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں، پرویز الٰہی
لاہور (قدرت روزنامہ)اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خاتمہ میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے آرمی چیف سے متلعق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خاتمہ میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں، عالمی سطح پر ملک و قوم کے وقار کو بلند کرنے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور آرمی چیف ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوتے ہیں، آرمی چیف کو نشانہ بنانے کا مطلب فوج ہی کو نشانہ بنانا ہوتا ہے، فوج اور آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر ملکی دفاع کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فوج اور قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے، فوج دشمن قوتوں کو مایوسی ہو گی، فوج موجودہ بحران سے سرخرو ہو کر نکلے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی جارجیت کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کی پس پردہ خدمات بہت اہم رہی ہیں، ملک و قوم کی معاشی مشکلات کم کرنے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہمیشہ حکومت کا ہاتھ بٹایا اور یورپی ملکوں کے تحفظات دور کیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ملکوں سے تعلقات کی بہتری اور پائیداری کیلئے بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کا اعتراف خود مسلم ممالک کرتے رہے ہیں، ن لیگ عمران خان کے بیانات کو توڑ مروڑ کے فوج اور آرمی چیف کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان دوٹوک لفظوں میں کہہ چکے ہیں، فوج ہی ملک و قوم کے تحفظ اور سالمیت کی واحد ضامن ہے، پاک فوج کے خلاف نواز شریف کے ٹریک ریکارڈ سے قوم اور فوج واقف ہیں۔