امپورٹڈ حکومت میں دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کا دم نہیں، خرم شیر زمان

کراچی (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت میں دہشتگردی کے واقعات کو روکنے کا دم نہیں ہے۔خرم شیرزمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکے کا واقعہ افسوسناک قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے پر حکومتی نمائندوں کے بیانات تشویشناک اور شرمناک ہیں، کراچی میں دہشتگردی کے واقعات کنٹرول کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
خرم شیرزمان نے کہا کہ واقعے پر صوبائی وزیر اطلاعات کا وقت مقرر ہونا جیسے بیانات انتہائی احماقانہ ہے، سندھ حکومت چاہتی ہے دہشتگرد کارروائی کرنے سے پہلے انہیں آگاہ کیا کریں۔پارلیمانی لیڈر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ امن و امان پر صرف بھاشن بازی کرنے کے ماہر ہیں، پاپوش میں دہشتگردی کے واقعے میں ملوث عناصر اب تک گرفتار نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی نااہلی پر مزید پردہ نہیں ڈال سکتی، ہر بار پیپلزپارٹی حکومت کی ناکامیوں کا خمیازہ عوام نہیں بھگت سکتے۔خرم شیرزمان نے کہا کہ کرپٹ ٹولا مسلط ہونے کے بعد کراچی میں دوسرا دہشتگردی کا واقعہ ہوا، کراچی معاشی حب ہے شہر کا امن برقرار رکھنا لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں دہشتگردی کے واقعات روکنے کا دم نہیں، حکومت نے کراچی کے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، کراچی کی بہتری کیلئے سندھ حکومت اہم وزراتوں عہدوں میں تبدیلی کرے۔