ڈالر میں تاریخی اضافے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کو گھمبیر مسائل کی دلدل میں عمران خان نے دھنسایا ہے، آج ڈالر میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے تو عمران صاحب ذمہ دار ہیں۔
مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر 193 پر عمران خان کی وجہ سے گیا ہے، آئی ایم ایف معاہدے پر عمران صاحب نے دستخط کیے، سزا عوام کو مہنگائی کی صورت مل رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اور عمران مافیا کی حکومت کی وجہ سے معاشی دہشت گردی کی گئی، آج ملک میں معاشی عدم استحکام عمران صاحب کی وجہ سے ہے، آج مشکل فیصلے کیے جا رہے ہیں تو اس کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام دشمن معاشی جرائم چھپانےکے لیے عمران صاحب کنٹینر پر چڑھے ہیں، عمران صاحب سیاسی مقاصد کے لیے معیشت اور عوام کو داﺅ پر لگانا غداری ہوتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نےعوام کو مہنگائی دی، خود مہنگائی کا شور مچا رہے ہیں، عمران صاحب شور نہ مچائیں، مہنگائی کا جواب دیں، معاشی تباہی کا حساب دیں۔