کراچی دھماکہ: بارودی مواد سے بھری سائیکل جائے وقوعہ پر کون لایا؟ سراغ لگالیا گیا

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں گزشتہ رات شہر کے مصروف ترین علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے سے متعلق مزید سراغ اور شواہد اکھٹے کیے گئے ہیں۔اس واقعے کی تفتیش کے لئے متعلقہ اداروں کی جانب سے قریب عمارتوں میں نصب کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں کچھ ٹھوس شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ تفتیشی حکام کی جانب سے واقعے میں مرتب کی جانے ولی حتمی رپورٹ کے مطابق بارودی مواد سائیکل میں نصب تھا جو کہ افغانی کچرے والی کی تھی۔مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لینے کے بعد ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح اور کون شخص جائے وقوعہ پر سائیکل لایا تھا۔
ویڈیو میں پینٹ شرٹ پہنے ایک شخص کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں ایک شخص پیدل سڑک پر سائیکل لاتا ہوا نظر آرہا ہے۔سائیکل کے کیریئر پر نیلے کلر کے شاپنگ بیگ میں مبینہ طور پر بارودی مواد موجود تھا، مشتبہ شخص نے دھماکے کے مقام پر سائیکل رکھی اور چلا گیا۔
سائیکل کو دھماکے سے تقریبا آدھے گھنٹے پہلے کھڑا کیا گیا، سائیکل کھڑی کرنے والا شخص بظاہر ادھیڑ عمر کا ہے۔یاد رہے کہ دھماکے کے صرف دو زخمی اسپتال میں موجود ہیں، زخمی ہونے والے دیگر تمام کو گذشتہ رات ہی ڈسچارج کردیا گیا تھا۔