عثمان ڈار کی گرفتاری، سیالکوٹ کی صورتحال پر تحریک انصاف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
سیالکوٹ (قدرت روزنامہ) سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس بنی گالہ میں ہو گا۔ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اجلاس میں شریک ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں سیالکوٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی موجودہ صورتحال پر مرکزی قیادت سے مشاورت کریں گے۔
تحریک انصاف کی سی ٹی آئی گراؤنڈ میں بغیر اجازت جلسے کی تیاریاں کرنے پر پولیس نے عثمان ڈار سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج پی ٹی آئی کارکن منتشر ہوگئے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے جلسہ گاہ سے سامان ہٹانا شروع کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی تھی۔
اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیل میں ڈالنے سے کپتان کی محبت کم نہیں ہوگی، ہم جیل سے باہر نکلیں گے، پھر جلسہ کریں گے، عمران خان سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آئیں گے، عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، جیلیں بھر دیں گے۔
دوسری جانب ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ یہ مسیحی برادری کی جگہ ہے، مسیحی برادری نےکہا کہ ہماری جگہ پر سیاسی جماعت جلسہ کر رہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ہم انہیں جلسے کے لیے متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔مسیحی کمیونٹی نے ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی، ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ گراؤنڈ میں جلسے کو روکیں، ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی جازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ہمارے پاس ہدایات ہیں کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔