سبسڈی مکمل ختم کرنے سے پیٹرول کتنامہنگا ہوگا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آج اہم فیصلہ متوقع ہے جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کیا جاسکتا ہے جس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی جائیں گی۔ذرائع کا کہناہےکہ حکومت فی لیٹرپیٹرول پر 29 روپے60 پیسے سبسڈی دیتی ہے اور 16 مئی سے فی لیٹرپیٹرول پرسبسڈی کی یہ رقم 45 روپے14پیسے تک پہنچ جائے گی، ساری سبسڈی ختم کریں تو فی لیٹر پیٹرول 45روپے 15 پیسے بڑھانا پڑے گا جس کے نتیجے میں فی لیٹرپیٹرول 195روپےکا ہوجائےگا۔ذرائع کےمطابق اس وقت ڈیزل پرفی لیٹر سبسڈی 73روپے 4
پیسے ہے اور 16 مئی سے ڈیزل پر سبسڈی 85 روپے 85 پیسے تک پہنچ جائے گی جب کہ مکمل سبسڈی ختم کرنے سے ڈیزل کی قیمت 230روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی 43 روپے 16 پیسے ہے اور 16 مئی سے مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی50.44 روپے ہوجائے گی، اسی طرح مٹی کے تیل پر سبسڈی ختم کرنے سے اس کی قیمت 176 روپے ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل پر اس وقت فی لیٹر سبسڈی 64.70 روپے ہے اور 16 مئی سے یہ سبسڈی 68 روپےفی لیٹر ہوجائے گی، اسی طرح لائٹ ڈیزل کی مکمل سبسڈی ختم ہونے سے فی لیٹر قیمت 186 روپے 31 پیسے ہوجائے گی۔ذرائع کا کہناہےکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری بھی پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کاباعث ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔