عمران خان غنڈہ گردی نہ کریں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان غنڈہ گردی نہ کریں۔اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق، نااہل، فاشسٹ، کرپٹ، چوروں کو عوام جگہ نہیں دینا چاہتے تو اس میں حکومت کہاں سے آگئی؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر عوام آپ کو نجی ملکیتی جگہ دینے کو تیار نہیں تو اس میں رانا ثناء اللہ کا کیا قصور ہے؟ عمران صاحب یہ چاہتے ہیں کہ رانا ثناءاللہ زور زبردستی سے نجی ملکیت پر جلسے کا بندوبست کرائے، عمران صاحب عوام آپ کی غلام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اور ان کی جماعت مسیحی برادری اور ان کے مذہبی جذبات کا احترام کرے ، حکومت قانون کے تحت وہ جگہ عمران صاحب کو جلسے کے لئے نہیں دے سکتی جو پرائیویٹ ملکیت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسیحی برادری اس جگہ کو دینے کےلئے تیار نہیں کیونکہ وہ اسے عبادت کے لئے استعمال کرتے ہیں، عمران صاحب غنڈہ گردی نہ کریں اور مسیحی برادری کا احترام کریں ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، حکومت ان کے احتجاج کو نظر انداز نہیں کرسکتی ، عمران صاحب مذہبی منافرت پھیلا کر اسی جگہ کیوں جلسہ کرنے پر بضد ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گورنمنٹ مرے کالج گراؤنڈ اور اسپورٹس جمنازیم پسرور پر جلسہ کرنے کی تجویز کیوں قبول نہیں؟ اس کا صاف مطلب ہے کہ عمران صاحب صرف ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں، ان کا مقصد صرف تماشا لگانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم اور غیر مسلم مذہبی قائدین عمران صاحب اور ان کے لیڈرز کو سمجھائیں کہ مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کریں۔