مسیحی برادری نے اپنی جگہ کے استعمال پر احتجاج کیا تھا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے اپنی جگہ کے استعمال پر احتجاج کیا تھا۔وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 سال لوٹ مار کرنے والی گزشتہ حکومت 4 ہفتے پہلے آنے والی حکومت سے سوال کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر جلسوں میں استعمال کیا جا رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئین اور پارلیمان پر حملہ کیا، 4 سال پارلیمنٹ کو آرڈی نینس کے ذریعے چلایا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روزاعتراف کیا گیا کہ نیب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، 4 سال نالائق اور نااہل لوگ اقتدار سے چمٹے رہے، عمران خان کس حیثیت سے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 9 سال ہوگئے، پی ٹی آئی نے میڈیا کا استحصال کیا، 6 مئی کو جلسہ گاہ کے حوالے سے خط لکھا گیا، خط میں تمام تفصیلات لکھی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے اپنی جگہ کے استعمال پر احتجاج کیا تھا، یہ حکومت اور پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ مسیحی برادری اور پی ٹی آئی کا ہے۔