سندھ

آصفہ بھٹو، شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کو ہمیشہ کیوں یاد رکھیں گی؟

کراچی (قدرت روزنامہ)سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے اہل خانہ اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ ’جس دوستی اور مہربانی کے ساتھ وہ میرے خاندان کے ساتھ پیش آئے، میں اُنہیں اس کے لیے ہمیشہ یاد رکھوں گی۔‘


اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پاکستان کے سچے دوست تھے جنہوں نے ضرورت کے وقت ملک کا ساتھ دیا۔آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام ان کے نقصان پر سوگوار ہے، اور اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر چالیس روزہ سوگ اور 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
شیخ خلیفہ 3 نومبر 2004ء سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے۔شیخ خلیفہ نے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کی وفات کے بعد یو اے ای کی قیادت سنبھالی تھی۔

متعلقہ خبریں