سندھ کی تباہی کے پیچھے آصف علی زرداری کا ہاتھ ہے، خرم شیر زمان

کراچی (قدرت روزنامہ)منسٹر آف سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ کی تباہی کے پیچھے آصف علی زرداری کا ہاتھ ہے۔تفصیلات کے مطابق خرم شیر زمان نے کے پی کے ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ کے حالات بہت خراب ہیں، سندھ کی تباہی کے پیچھے آصف علی زرداری کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل حلیم عادل کے گھر پر آصف علی زرداری کے کہنے پر پولیس کا بھیس بدل کر زرداری کے اپنے چیلوں نے چھاپا مارا، زرداری کو میری یہ آخری وارننگ ہے، ہم کسی سے نہیں ڈرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ انکی بے شرمی کا عالم یہ تھا کہ انکے چیلے چار دیواری کے اندر گھس گئے، کل جب حلیم عادل سارا دن عدالت میں خوار ہورہے تھے بیل کے لیے تو انکو کہا گیا کہ اس وقت عدالت کا وقت ختم ہوگیا، پی پی پی کرنا کیا چاہ رہی ہے؟خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں جو پی پی پی کے خلاف ہوگا اسکے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا، سندھ میں پولیس کا حال اتنا برا ہے کہ دو ایم این ایز جو قاتل تھے ان کو پکڑا نہیں جا سکا، حکومت سندھ کی پولیس اور جیالوں کو انکے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی پی ہر چیز میں ناکام ہو چکی ہے، عمران خان نے کووڈ کی ویکسین پاکستان میں دیدی، اگر سندھ میں آپ کو کوئی کتا کاٹ لے گا تو ریبس ویکسین آپ کو نہیں ملے گی، اندرون سندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کر کے اگر وہ سمجھتے ہم ڈر جائیں گے تو ہم ڈرنے والے نہیں ہم پی ٹی آئی کے سپورٹر ہیں، زرداری نے اپنے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر ہمیں مروایا ہے، صوبہ سندھ کے حالات پنجاب سے زیادہ برے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جلسے بھی کرے گی، آپ اسکو روک نہیں سکتے، لہذا اگر حالات ایسے رہے تو معاملہ خراب ہو جائے گا، عمران خان کے ساتھ پوری قوم جو کھڑی ہے اسکی وجہ یہی ہے کہ اس نے پوری قوم کو بتایا کہ ہمارے دل میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم راج کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک تم بے نظیر کے قاتلوں کو پکڑ نہیں سکے، کروڑوں روپے کی گندم صوبہ سندھ میں چوہے کھا جاتے ہیں، آنے والے وقت میں صوبہ سندھ میں حکومت آپ تحریک انصاف کی دیکھیں گے، اب ایسا نہیں ہوگا، ہم نے اپنی کمزوریوں کو دور کیا ہے۔