کراچی میں مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے: دعا زہرا

لاہور (قدرت روزنامہ)کراچی سے لاہور جا کر نکاح کرنے والی دعا زہرا نے کہا ہے کہ کراچی میں مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے۔دعا زہرا نے اپنے نئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے اپنی مرضی سے نکاح کیا تھا، ملک کا قانون مجھےاجازت دیتا ہے جہاں چاہوں جاسکتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی پولیس مجھے اور میرے شوہر کو ہراساں کر رہی ہے، سندھ پولیس مجھے اور میرے شوہر کو اغواء کرکے کراچی لے جانا چاہتی ہے۔دعا زہرا نے یہ بھی کہا کہ ہمیں کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار سندھ، پنجاب پولیس اور میرے ماں باپ ہوں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میرے والدین کو میری پسند کی شادی کا پہلے سے پتا تھا، اپنے سسرال میں خوش ہوں، ہمیں سکون کی زندگی جینے دیا جائے۔واضح رہے کہ دعا زہرا کے والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے۔
دعا زہرا کے والد کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ او الفلاح اور تفتیشی افسر کو دعا زہرا کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تفتیشی افسر دعا زہرا کو ظہیر احمد سے بازیاب کراکے عدالت میں پیش کریں۔