پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم اور قیمتیں بڑھائی جائیں، کون میدان میں آگیا؟ پاکستانیوں کیلئے بُری خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف کاروباری شخصیات کے بعد معاشی ماہرین نے بھی پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے اور قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔ ملک کے مایہ ناز معاشی ماہرین نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور سخت معاشی اقدامات کی ضرورت کے تناظر میں گفتگو کی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق معاشی امور کے ماہر یوسف نذر اور محمد سہیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو ڈالر کی قیمت اور بڑھ جائے گی جس کے نتیجے میں مہنگائی بھی اور بڑھے گی۔

اس دورا ن معاشی ماہرین ممتاز صنعتکار خاقان نجیب اور عابد سلہری نے غریب اور موٹرسائیکل رکھنے والے افراد کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجویز پیش کی۔خاقان نجیب کا کہنا تھا کہ ملک میں اسمارٹ کارڈ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ڈیٹا موجود ہے جس سے مدد لے کر موٹربائیک والوں کو سبسڈی دی جا سکتی ہے، پاکستان میں تیل پر سبسڈی کی وجہ سے ذخیرہ اندوز تیل کی اسمگلنگ کر رہے ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبرزیدی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اگر ڈیڑھ سال رہنا ہے تو سخت فیصلے کرنے ہوں گے، الیکشن جیتنا ہے تو ابھی سخت فیصلے لیں اور ڈیڑھ سال میں چیزیں بہتر کریں، اگر موجودہ حکومت کو ڈٹ کر فیصلے نہیں کرنے تو گھر جائیں۔