فیس ماسک کی ایک انتہائی مقبول قسم کورونا وائرس سے تحفظ نہیں دیتی ، امریکی ماہر کا خوفناک انکشاف

نیویارک (قدرت روزنامہ) فیس ماسک کو کورونا وائرس کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار قرار دیا گیا ہے مگر اب ایک امریکی ماہر نے خوفناک انکشاف کیا ہے کہ فیس ماسک کی ایک قسم کورونا وائرس کے خلاف تحفظ فراہم نہیں کرتی ۔ العربیہ کے مطابق یونیورسٹی آف منیسوٹا کے تحقیقی اور پالیسی وبائی امراض کے مرکز کے ڈائریکٹر اوسٹر ہولم نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ چہرے کو غلاف یا کپڑے کے ماسک کی بجائے این 95جیسے زیادہ موثر ماسک میں تبدیل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کپڑے کا ماسک کچھ حد تک وائرس سے تحفظ فراہم کرتا ہے مگر کپڑے کی قسم ، پرتوں کی تعداد اور چہرے کو ڈھانپنے میں این 95زیادہ موثر ہے اور ان میں ذرات کو فلٹر کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ، اور وہ لوگ جنہیں اب تک ویکسین نہیں لگی انہیں این 95استعمال کرنا چاہئے ۔سی ڈی سی نے کے این 95اور این 95ماسک کو زیادہ موثر قرار دیا اور کہا کہ ان کو اس طرح ڈیزائن کیا جاتاہے کہ وہ کورونا کے پھیلاو¿ کو روکنے کیلئے مستقل طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔