ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک اس وقت شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے جو اس ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آنا شروع ہوجائیگی۔


اس دوران شمالی بلوچستان، پنجاب ، بالائی سندھ، کے پی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دوپہر کے بعد تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر فارکاسٹ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ رواں ہفتے کے آخر تک پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ بارشوں کے اس سپیل سے ہیٹ ویو سے کچھ راحت ملے گی جبکہ پری مونسون اگلے مہینے کے وسط تک شروع ہو جائے گا ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 18 مئی سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ شہر کراچی میں شدید گرمی کے باعث 4 روز کے دوران ہیٹ اسٹروک کے شکار 28 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔جناح اسپتال میں 12 ، سول میں 9 اور عباسی شہید میں 4 مریض رپورٹ ہوئے جنہیں جسم میں پانی کی شدید کمی اور تیز بخار کے سبب اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا۔