’’اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے’’ پاک چین وزرائے اعظم کا ٹیلی فون رابطہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،دونوں وزرائے اعظم نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینگے .
پاک چین وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اوراتفاق کیا کہ پاک چین شراکت داری کو عوامی مفادات کے ساتھ امن و استحکام کےلیے جاری رکھنا چاہیے،دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے رابطے بڑھائیں گے .


وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پراظہارافسوس بھی کیا اوردہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک چینی شہریوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کااظہارکیا . وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ فعل کی مکمل تحقیقات کر کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لائیں گے،پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں .
حکومت پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی . وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پراظہارتشکرکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا .
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل فعال کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے میں کردار ادا کرنے والے چینی حکام کے تجربے سے سیکھنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبوں بالخصوص ایم ایل ون پرکام کرینگے . اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون،تجارت کو بڑھانے اورسرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہیں .

. .

متعلقہ خبریں