پاکستان

آٹا 200 روپے تھیلا مہنگا، روٹی 15 نان 20 روپے ، سستا آٹا ہر صورت ، وزیراعظم برہم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اوپن مارکیٹ میں گندم کی قلت ،قیمتیں مزید 200 روپے من بڑھ گئیں، 20 کلو کا آٹا 100 روپے مہنگا جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی 15 اور نان 20 روپے کرنے کااعلان کردیا۔ گندم خریداری کے اہداف نہ پورے ہونے پر شہباز شریف برہم۔ وزیراعظم کا کہنا ہے وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق فلور ملز مالکان کو گندم 2300 سے بڑھکر 2500 روپے فی من ملنے لگی جس پرفلور ملز نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا کردیا ۔ فلورملز مالکان کا موقف ہے کہ پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے گندم خریداری کا ہدف ساڑھے تین ملین میٹرک ٹن سے بڑھا کر 5 ملین میٹرک ٹن کردیا ۔پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ اوپن مارکیٹ میں گندم نہیں آنے دے رہا ۔ نتیجتا اوپن مارکیٹ میں گندم کی قلت اور قیمت بڑھ گئ ہے ۔
دوسری طرف نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب اسلم گل نے کہا ہے کہ اگر حکومت آٹا اور فائن کی قیمت نہیں بڑھاۓ گی تو روٹی اور نان کا ریٹ یہی رہے گا ۔ورنہ مجبوراً ریٹ بڑھانا پڑیں گے جس میں روٹی 15 اور نان 20 روپے کا ہو جاۓ گا ۔اکثر تندور 18 روپے کا ہی نان دے رہے ہیں جو نہیں دے رہے وہ اپنا ریٹ بڑھا لیں گے کیونکہ تندور مالکان کو نقصان ہو رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ آج فائن تین سو روپے مہنگا ہوا ہے ہم کیسے قیمتیں نہ بڑھائیں۔حکومت اگر سبسڈی دے تو اس سے ہمیں فائدہ نہیں نقصان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں دس ہزار کے قریب تندور ہے ، حکومت کس طرح سب کو آٹا کم قیمت پر دے سکتی ہے اور ہم نے بھی اپنے بچوں کا پیٹ پالنا ہے ۔حکومت کو چاہئے کہ اس مسئلہ پر نظر ثانی کرے اور حکمت عملی تیار کرے ۔
دوسر ی طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبوں کو گندم کی خریداری کیلئے دئیے گئے اہداف پورے نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جاسکتا ، وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گندم کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں ملک میں گندم کے اسٹاک اور امپورٹ پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ غریب عوام کی خدمت اولین فریضہ ہے، وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے،بہترین معیار کی گندم درآمد کو یقینی بنایا جائے،صوبےیکم جون تک گندم خریداری کےاہداف پورےکریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کی بھی ہر ممکن مدد کرے گی، قوم کا ایک ایک پیسہ بچانا ہمارا فرض ہے، تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی 10 کلو قیمت 490 روپے برقرار رکھی جائے۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی گندم کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاون کی ہدایت کی ہے۔ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی گئی۔سپیشل برانچ کی مدد سے ذخیرہ شدہ گندم کو بر آمد کر کے محکمہ خوراک کے حوالے کیا جائے۔ صنعت، زراعت، خوراک، لائیو سٹاک کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں