ایم کیو ایم نئے انتخابات کیلئے تیار ہے، خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نئے انتخابات کے لیے تیار ہے۔وزیرِاعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور مشاورت کی گئی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نئے انتخابات کے لیے تیار ہے، لیکن حکومت سے معاہدہ اور مطالبہ بھی کیا ہے کہ پہلے نئی مردم شماری کروائی جائے اور نئی ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر انتخابات کروائے جائیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی حکومت سے بھی یہی مطالبہ کیا تھا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صرف اپنی سیاست بچانے کے لیے قیمتوں کو نہ روکیں، اگر قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہیں تو بڑھائی جائیں، غریبوں پر بوجھ نہ ڈالیں، بڑی گاڑی والوں اور موٹر سائیکل کی ٹنکی بھروانے والوں میں فرق رکھیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ معاشی صورتحال پر وزیرخزانہ تمام اتحادیوں کو بریفنگ دیں، جاگیر داروں، صنعتکاروں اور امیروں سے براہ راست ٹیکس وصول کریں۔